اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں ایسے پاکستانی مسلمان جو ماہ مبارک رمضان میں عمرہ بجا لانا چاہتے تھے، اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے کی سست سرگرمیوں کی بنا پر ویزہ حاصل نہ کرسکے اور عمرے کی ادائیگی سے محروم ہو گئے۔
اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے ویزہ اسٹیکر کی قلّت کی بنا پر ہزاروں پاکستانیوں کے پاسپورٹ واپس کر دیئے۔
سعودی عرب کے اس اقدام کے نتیجے میں پاکستان میں حج و عمرے سے وابستہ کمپنیوں کو اربوں پاکستانی روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہزاروں پاکستانیوں نے اسلام آباد اور ریاض کے درمیان عمرے سے متعلق سمجھوتے کی بنیاد پر اپنے نام درج کرائے تھے اورجانے آنے کا ٹکٹ بھی خرید لیا تھا مگر سعودی سفارت خانے کی سست سرگرمیوں کی بنا پر نہ صرف وہ عمرے کی ادائیگی سے محروم ہو گئے بلکہ انھیں خاصا مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔
سمجھوتے کے مطابق طے پایا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب کا سفارت خانہ یومیہ آٹھ سے دس ہزار پاکستانیوں کو عمرے کا ویزہ جاری کرے گا مگر اب تک وہ اپنے اس وعدے پر عمل نہیں کر سکا۔
.......
/169